مظفرآباد: صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب اور وزیراعظم افتخار گیلانی نے خطے میں امن، تحمل اور استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اشتعال انگیز گفتگو اور جاری بے چینی سے عام شہریوں کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بدھ کے روز سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے زیر اہتمام بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان اور کیپٹن محمد حسین شہید کی یاد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کیا۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز گفتگو سے معاشرے میں بے چینی پیدا ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختلافات اور عوامی مطالبات کے باوجود انتشار مسائل کا حل نہیں ہے۔
صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نے نئی نسل کو خطے کی تاریخ، تحریک آزادی اور قومی ہیروز کی قربانیوں سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب میں دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی خطاب کیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے تصادم کے بجائے مکالمے اور دانشمندی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔






