اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو آنکھ کے معائنے اور مزید علاج کے لیے دوبارہ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈان کی 11 نومبر کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اسپتال کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ عمران خان کو 10 اور 11 نومبر کی درمیانی شب اڈیالہ جیل سے پمز لایا گیا، جہاں ماہرِ امراضِ چشم کے مشورے پر ان کا طبی معائنہ اور علاج کیا گیا۔
اسپتال حکام کے مطابق طبی معائنے کے دوران ان کے اہم جسمانی اشاریے معمول کے مطابق تھے اور وہ طبی طور پر مستحکم تھے۔ بعد ازاں ماہرینِ امراضِ چشم کی ٹیم نے انہیں آنکھ میں اینٹی وی ای جی ایف (Anti-VEGF) انجیکشن دیا۔
عہدیدار کے مطابق طبی عمل سے پہلے، دوران اور بعد میں عمران خان کی حالت مستحکم رہی اور انہیں ضروری طبی ہدایات کے ساتھ رات تقریباً ڈھائی بجے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پارٹی کو عمران خان کے طبی معائنے کی اطلاع میڈیا رپورٹس کے ذریعے ملی۔ انہوں نے سابق وزیراعظم کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق جامع طبی معائنہ کرانے کا مطالبہ بھی دہرایا۔






