اسلام آباد: پاکستان اور سوڈان نے سائبر جرائم کی روک تھام اور سکیورٹی کے شعبے میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کریں گے۔
اس حوالے سے اتفاق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دورہ پاکستان پر آئے ہوئے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی شریک تھے۔
ملاقات میں سوڈانی وزیر داخلہ نے سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ دونوں ممالک نے سکیورٹی، پولیس کی تربیت، داخلی امور، ادارہ جاتی روابط اور نادرا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں امن کے قیام اور تعمیر نو کے عمل میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
محسن نقوی کے مطابق نادرا کے تعاون سے سوڈان میں اب تک 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ نادرا شہریوں کی رجسٹریشن کے نظام میں مزید تعاون جاری رکھنے کے لیے بھی تیار ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کو درپیش ویزا مسائل کا معاملہ بھی اٹھایا گیا، جس پر وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو فوری حل کی ہدایت کی۔ انہوں نے سوڈانی شہریوں کو پاکستان میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
سوڈان کے وزیر داخلہ نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا اور پاکستانی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ سوڈانی وزیر داخلہ نے اس سے قبل چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی اور سوڈان میں امن و استحکام کی بحالی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔






