واشنگٹن: امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی نے غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ، دونوں کا کنٹرول واپس حاصل کر لیا۔ نتائج کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی پالیسیوں کے خلاف عوامی ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔
ری پبلکنز کے روایتی مضبوط حلقوں میں بھی ڈیموکریٹس نے حیران کن کامیابیاں سمیٹیں، جن کی توقع انتخابی تجزیہ کاروں نے بڑے پیمانے پر نہیں کی تھی۔
ریاست ٹیکساس میں جیمز ٹیلاریکو نے ری پبلکن امیدوار کین پیکسٹن کو شکست دے کر 38 سال بعد ریاست سے ڈیموکریٹک سینیٹر منتخب ہونے کی راہ ہموار کی۔
جنوبی کیرولائنا میں اینی اینڈریوز نے ری پبلکن سینیٹر ڈارلین گراہم کو شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ اس ریاست میں رواں صدی کے دوران ڈیموکریٹس پہلی مرتبہ سینیٹ کی نشست جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
اوہائیو میں ڈیموکریٹ شیروڈ براؤن نے کامیابی حاصل کی، جبکہ کنساس میں ایڈم ہیملٹن نے ری پبلکن سینیٹر راجر مارشل کو شکست دی۔ کنساس میں ڈیموکریٹس نے آخری مرتبہ 1932 میں سینیٹ کی نشست جیتی تھی۔
انتخابی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس کی کامیابی میں پارٹی کے حامیوں کے ساتھ آزاد ووٹرز کی بڑی تعداد نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب مہنگائی، بڑھتی قیمتوں اور صدر ٹرمپ کی غیر مقبولیت نے ری پبلکن امیدواروں کی مشکلات میں اضافہ کیا۔
کانگریس کا کنٹرول حاصل کرنا ڈیموکریٹس کے لیے ایک بڑا سیاسی موقع ضرور ہے، تاہم انہیں معیشت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا دباؤ بھی برداشت کرنا ہوگا۔ صدر ٹرمپ کے پاس قانون سازی کو ویٹو کرنے کا اختیار برقرار رہے گا، جس کے باعث ڈیموکریٹس کے لیے بڑے قانونی اقدامات کرنا آسان نہیں ہوگا۔






