میرپور پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمے میں گزشتہ پانچ سال سے مطلوب اشتہاری ملزم کو پنجاب سے گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان میرپور پولیس کے مطابق ایس ایس پی میرپور خرم اقبال کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ چکسواری محمد عرفان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کا سراغ لگایا اور اسے پنجاب کے ضلع حافظ آباد سے گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت حیدر علی ولد ریاست علی، سکنہ ٹھٹھہ آسیاں، ضلع حافظ آباد کے نام سے ہوئی ہے، جو تھانہ چکسواری کے مقدمہ قتل نمبر 135/20 میں مطلوب تھا۔ یہ مقدمہ 12 اکتوبر 2020 کو درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے 12 اکتوبر 2020 کو بروٹیاں، چکسواری کے مقام پر فائرنگ کرکے لدڑ کے رہائشی جنگویز اختر ولد عنایت علی کو قتل کیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم آزاد کشمیر پولیس کے علاوہ پنجاب پولیس کو بھی قتل اور ڈکیتی کے مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔
پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کی مدد سے ملزم کی موجودگی کا پتا لگایا اور اسے گرفتار کر لیا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
میرپور پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی عملداری پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔






