زاد کشمیر کے ضلع باغ میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کی جانب سے جاری دھرنا ختم کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کوٹھیان میں سیکیورٹی فورسز نے احتجاجی مقام خالی کرا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا، جس کے بعد علاقے میں آمدورفت معمول پر آگئی۔
سڑک کی بندش کے باعث مقامی شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، تاہم احتجاج ختم ہونے اور ٹریفک بحال ہونے پر علاقہ مکینوں نے سکھ کا سانس لیا۔
رپورٹ کے مطابق اس پیش رفت سے قبل رواں ہفتے ضلع باغ کے گاؤں پندی میں ایک دھماکا پیش آیا تھا، جس میں دو خواتین اور دو بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔ اسی علاقے میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی شہری حقوق اور حکومتی اصلاحات کے مطالبات کے حق میں کئی ماہ سے دھرنا دیے ہوئے تھی۔
واضح رہے کہ رواں سال جون میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دیتے ہوئے خطے کے انسدادِ دہشت گردی قانون کے تحت فرسٹ شیڈول میں شامل کر دیا گیا تھا۔
آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں تنظیم پر دہشت گردی اور خطے کے امن و سلامتی کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
نوٹیفکیشن میں مزید الزام لگایا گیا تھا کہ تنظیم عوام کو خوف زدہ کرنے، نفرت کو فروغ دینے اور معاشرے میں عدم تحفظ کی فضا پیدا کرنے کے ذریعے بدامنی پھیلانے میں ملوث ہے۔






