برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان بریگزٹ کے بعد خوراک اور جانوروں سے متعلق مصنوعات کی تجارت پر عائد پابندیاں کم کرنے کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔
معاہدے کے تحت ساسیجز، پنیر، گوشت، پھولوں، پودوں اور دیگر زرعی مصنوعات کی نقل و حمل کے دوران موجودہ سرٹیفکیٹس اور سرحدی چیکنگ کی بیشتر شرائط ختم ہو جائیں گی، جس سے دونوں جانب کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہوگی۔
اس پیش رفت سے برطانوی فوڈ ایکسپورٹرز اور چھوٹے کاروباروں کو خاص فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ بریگزٹ کے بعد اضافی چیکنگ اور دستاویزات کے اخراجات کے باعث چھوٹے تاجروں کے لیے یورپی منڈیوں میں کاروبار کرنا مشکل ہوگیا تھا۔
برطانوی حکومت اور یورپی یونین کے درمیان اس معاہدے پر اصولی اتفاق مئی میں ہوگیا تھا، تاہم برطانیہ میں سیاسی تبدیلیوں اور سربراہی اجلاس میں تاخیر کے باعث اس پر عمل درآمد کا وقت آگے بڑھا دیا گیا ہے۔ اب اس کا نفاذ 2028 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان 20 نومبر کو ہونے والی سربراہی ملاقات میں توانائی کی مشترکہ منڈی اور نوجوانوں کے لیے سفری و تجرباتی پروگرام سمیت دیگر معاملات پر بھی بات چیت متوقع ہے۔






