پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے بورڈ نے ایڈرین ہیملٹن مینز کو ادارے کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئے سربراہ کو عالمی ہوا بازی کے شعبے میں تین دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ حاصل ہے اور وہ مختلف ایئرلائنز کی قیادت کر چکے ہیں۔
ہیملٹن مینز اس سے قبل عمان کی سلام ایئر اور قازقستان کی فلائی آریستان کے چیف ایگزیکٹو رہ چکے ہیں، جبکہ جنوبی افریقی ایئرلائنز اور ورجن آسٹریلیا میں بھی اہم ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
پی آئی اے نے سبکدوش ہونے والے سی ای او ایئر وائس مارشل امیر حیات کی ساڑھے چار سالہ خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ بیان کے مطابق ان کے دور میں ادارے میں انتظامی اصلاحات، آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے اور نجکاری کی تیاری کے لیے اہم اقدامات کیے گئے۔
ایئرلائن کی انتظامیہ کو توقع ہے کہ نئے سربراہ کا تجربہ ادارے کی تجارتی حکمتِ عملی، سروس کے معیار اور مالی استحکام کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔






