خلیجی سمندری حدود میں پاکستان کے لیے ایل این جی لے جانے والے جہاز پر حملے کے واقعے کے بعد قطر اور سعودی عرب نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے عالمی توانائی کی ترسیل اور بحری سلامتی کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔
بلومبرگ کی اتوار کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے قطری ایل این جی لے کر آنے والے جہاز ’المدیدہ‘ (Al Mayeda) کو بحفاظت آبنائے ہرمز سے گزارنے کے لیے ایران سے بات چیت کی تھی۔ رپورٹ میں باخبر ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی حکام کی جانب سے جہاز کو گزرنے کی اجازت ملنے کے چند گھنٹوں بعد اسے گزشتہ ہفتے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
مارشل آئی لینڈز کے پرچم تلے سفر کرنے والا یہ جہاز قطر سے ایل این جی لے کر پاکستان کی جانب رواں دواں تھا۔ تاہم حملے کے وقت اور اس کی مکمل تفصیلات سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
قطر کی وزارت خارجہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاز کو نشانہ بنانے کے ذمہ داروں کی شناخت کی جائے گی۔ قطری وزارت خارجہ کے مطابق ملک بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنے اثاثوں، بحری جہازوں اور عملے کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب نے بھی قطر گیس ٹرانسپورٹ کمپنی کے زیرِ ملکیت جہاز کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مملکت ایسے تمام اقدامات کو مسترد کرتی ہے جو بحری راستوں کی سلامتی اور عالمی توانائی کی فراہمی کے لیے خطرہ بنیں۔
قطر نے خبردار کیا ہے کہ توانائی بردار جہازوں پر ایسے حملوں کے علاقائی امن و استحکام پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سمندری ماحول اور خطے کے ممالک کی آبی سلامتی کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان فروری سے جاری تنازع کے بعد آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف تجارتی جہازوں کو متعدد حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس سے عالمی توانائی کی ترسیل اور منڈیوں میں بے یقینی پیدا ہوئی ہے۔ تاحال پاکستان کی جانب سے اس مخصوص واقعے پر کوئی باضابطہ عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا۔






