لندن: برطانیہ میں مستقل رہائش (Indefinite Leave to Remain) حاصل کرنے کے قوانین میں بڑی تبدیلیوں کی تیاری جاری ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی (BBC) کی 31 اکتوبر کی رپورٹ کے مطابق ہوم سیکریٹری شبانہ محمود آئندہ ہفتے قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کے لیے نئے امیگریشن قواعد سے متعلق حتمی فیصلہ پیش کر سکتی ہیں۔
مجوزہ پالیسی کے تحت مستقل رہائش حاصل کرنے کی عمومی مدت موجودہ پانچ سال سے بڑھا کر دس سال کرنے کی تجویز ہے، جبکہ بعض کم آمدنی والے شعبوں سے وابستہ افراد کے لیے یہ مدت پندرہ سال تک ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت کے اندر ان تبدیلیوں پر اختلافات بھی سامنے آئے ہیں، خصوصاً ان افراد پر نئے قواعد لاگو کرنے کے معاملے میں جو پہلے ہی برطانیہ میں مقیم اور ملازمت کر رہے ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق پہلے سے برطانیہ میں موجود سوشل کیئر ورکرز کو طویل انتظار کی مجوزہ مدت سے استثنیٰ دیے جانے کا امکان ہے۔
حکومت کی مشاورت کے دوران دو لاکھ سے زائد آراء موصول ہوئی ہیں۔ حتمی فیصلے اور نئے قواعد کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد واضح ہوگا کہ پہلے سے مقیم تارکینِ وطن اور مستقل رہائش کے منتظر افراد پر ان تبدیلیوں کا کیا اثر پڑے گا۔
فی الحال یہ تجاویز حتمی طور پر نافذ نہیں ہوئیں۔





