راولپنڈی: خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر فوج محتاط طور پر پُرامید ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کے رواں ماہ تہران کے دو دورے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سفارتی کوششوں میں مثبت امکانات موجود ہیں۔
ترجمان پاک فوج نے خبردار کیا کہ بعض طاقتور عناصر ایسے بھی ہیں جو خطے میں تنازع اور کشیدگی برقرار رہنے کو اپنے مفاد میں سمجھتے ہیں اور امن کی کوششوں میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے ان عناصر کی نشاندہی نہیں کی۔
انہوں نے حالیہ دوروں کے دوران ہونے والی گفتگو یا اس حوالے سے امریکی حمایت کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی امن اور مشترکہ دفاع کے وژن سے اتفاق رکھنے والے تمام فریقوں کا خیرمقدم کیا جائے گا، تاہم اس معاملے کا حتمی فیصلہ متعلقہ ممالک کی سیاسی قیادت کو کرنا ہے۔
سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجی دستوں کی تعیناتی سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس کا انحصار حالات اور دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے فیصلے پر ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان سعودی عرب اور حرمین شریفین کے دفاع کے اپنے عزم پر قائم ہے، تاہم یمن کے اندرونی تنازع کا حصہ نہیں ہے۔
دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے اور مستقبل میں ان کارروائیوں کی رفتار مزید بڑھائی جائے گی۔





