اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر گفتگو کی گئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔
مذاکرات کے دوران جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان (ASEAN) کے ساتھ پاکستان کے روابط کو مزید مستحکم بنانے پر بھی بات ہوئی، بالخصوص 2027 میں سنگاپور کی آسیان کی سربراہی کے دوران تعاون کے امکانات زیرِ بحث آئے۔
ملاقات کے موقع پر پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اور سنگاپور کی سول ڈیفنس فورس (SCDF) کے درمیان قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ اس معاہدے کے تحت آفات سے پہلے تیاری، ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات اور بحالی کے نظام کو بہتر بنانے میں دونوں ممالک ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ نے اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے سنگاپور کی معاشی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں کامیابیوں کو سراہا۔
علاوہ ازیں اسحاق ڈار اور مہمان وزیر خارجہ کے درمیان پاکستان اور سنگاپور کے درمیان براہِ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سرگرمیوں، سیاحت اور عوامی روابط کو فروغ دینا ہے۔





