میرپور (آزاد کشمیر): آزاد کشمیر فوڈ اتھارٹی نے میرپور شہر میں مختلف ہوٹلوں، بریانی مراکز، ریسٹورنٹس اور فاسٹ فوڈ آؤٹ لیٹس پر اچانک چھاپے مارے، جہاں غیر معیاری خوراک، آلودہ پانی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر مجموعی طور پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق معائنے کے دوران ممنوعہ فوڈ کلرز، غیر آئیوڈین والا نمک، پینے کے آلودہ پانی اور صفائی کے غیر تسلی بخش انتظامات کا انکشاف ہوا۔ فوڈ تجزیہ کار کی رپورٹ میں استعمال شدہ تیل کی ٹی پی سی (TPC) سطح 35، 41 اور 26 پائی گئی، جبکہ مقررہ حد 24 ہے۔
کارروائی کے دوران تقریباً 28 ہزار روپے مالیت کا 35 لیٹر خراب تیل موقع پر تلف کر دیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والے کاروباروں کے خلاف آزاد کشمیر فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2017 کے تحت کارروائی کی گئی، جبکہ متعدد ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس کو نوٹس جاری کرکے مزید جانچ کے لیے خوراک کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے۔





