لاہور: ٹرینوں کے پے در پے حادثات اور پٹری سے اترنے کے واقعات کے بعد پاکستان ریلوے نے 24 اکتوبر سے 31 دسمبر 2026 تک ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے افسران کی تمام معمول کی چھٹیاں اور ہفتہ وار تعطیلات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم طبی رخصت اس پابندی سے مستثنیٰ ہوگی۔
وزیرِ ریلوے کے مطابق مسافر بوگیوں، مال بردار ویگنوں، انجنوں، سگنلنگ نظام اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی خامیاں دور کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا۔ خراب اور غیر محفوظ بوگیوں و ویگنوں کو 31 دسمبر تک سروس سے نکالنے یا آپریشن کے قابل بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔تمام متعلقہ افسران کو روزانہ ٹرین آپریشنز کی نگرانی اور اپنی کارکردگی کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ سرکاری دوروں کے لیے افسران کو ٹرین کے ذریعے سفر کرنا ہوگا، جبکہ فضائی سفر اور سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے، سوائے انتہائی ہنگامی حالات کے۔
حنیف عباسی کے مطابق 1,546 بوگیوں اور ویگنوں کا معائنہ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ باقی تقریباً 3,000 کی جانچ 10 نومبر تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ ریلوے حادثات کی اہم وجوہات میں خستہ حال ٹریکس، ناقص مرمت، انسانی غلطیاں، دستی کانٹا نظام اور وسائل کی کمی شامل ہیں۔





