کھوئی رٹہ (ویب ڈیسک): آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کی تحصیل کھوئی رٹہ میں گھریلو جھگڑا روکنے کے لیے پہنچنے والی پولیس پارٹی پر ملزم کی اندھا دھند فائرنگ، دو پولیس اہلکار پاؤں میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب، پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے تصویر جاری کرتے ہوئے عوام سے مدد مانگ لی۔
واقعے کی تفصیلات
ذرائع کے مطابق کھوئی رٹہ کے علاقے 'گہوڑا' کا رہائشی ملزم شباب وحید ولد وحید اقبال (قوم راجپوت) اپنے گھر میں والدین کے ساتھ مبینہ طور پر شدید لڑائی جھگڑا کر رہا تھا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملزم کے والد نے فوری طور پر تھانہ پولیس کھوئیرٹہ کو واقعے کی اطلاع دی اور مدد طلب کی۔
اطلاع ملتے ہی جب پولیس اہلکار موقع پر پہنچے اور جھگڑا روکنے کی کوشش کی، تو ملزم شباب وحید نے طیش میں آکر پولیس پر پسٹل سے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار پاؤں میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہو گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے اور تصویر کا اجرا
واقعے کے فوراً بعد ملزم شباب وحید موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے اور ملزم کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اہم ترین اپیل: ملزم کی تلاش میں پولیس کی مدد کریں!
پولیس کھوئی رٹہ کی جانب سے ملزم شباب وحید کی تصویر (جو نیچے منسلک ہے) جاری کر دی گئی ہے۔ ملزم گرفتاری کے ڈر سے روپوش ہے۔
عوام سے اپیل: اگر کوئی بھی شخص اس ملزم کو کہیں دیکھے یا اس کے بارے میں کوئی معلومات رکھتا ہو، تو فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا تھانہ کھوئی رٹہ کو مطلع کرے۔
نوٹ: اطلاع دینے والے شخص کا نام مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔