banahtv.com
لوڈ ہو رہا ہے...
بریکنگ نیوز
پاکستان October 18, 2026 21 Views

گورنر راج کے خلاف خیبرپختونخوا میں وکلا کی ہڑتال کا اعلان

گورنر راج کے خلاف خیبرپختونخوا میں وکلا کی ہڑتال کا اعلان

پشاور: خیبرپختونخوا بار کونسل نے صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف 19 اکتوبر کو صوبہ بھر میں ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کونسل نے اس اقدام کو غیر آئینی اور غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔بار کونسل کے وائس چیئرمین اسفندیار خان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین ملک عماد اعظم نے ہفتے کے روز جنرل باڈی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف آئینی درخواست تیار کرنے کے لیے وکلا کا ایک پینل تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق درخواست پر 20 اکتوبر کو دیگر متعلقہ درخواستوں کے ساتھ سماعت کی کوشش کی جائے گی۔کونسل نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے، اور اگر ان کے خلاف کوئی جرم ثابت نہیں تو انہیں رہا کیا جائے۔اجلاس میں سینئر وکیل اور انصاف لائرز فورم کے رہنما امیر اعجاز کی مبینہ غیر قانونی حراست پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق امیر اعجاز کو تقریباً ایک ماہ قبل مردان میں نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر اغوا کیا تھا، جس کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئیں۔بار کونسل نے وکلا کو ہراساں کیے جانے اور ان کے گھروں پر مبینہ غیر قانونی چھاپوں کی روک تھام کے لیے کمیٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ کونسل کے مطابق یہ معاملہ گورنر اور پولیس سربراہ کے سامنے اٹھایا جائے گا۔مزید برآں، صوبے کی تمام ضلعی اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے صدور کا اجلاس 24 اکتوبر کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں ایمرجنسی کے نفاذ کے خلاف آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔

اس خبر کو شیئر کریں:
مزید پڑھیں

عظمیٰ بخاری کو 8 کروڑ 40 لاکھ روپے کے ہتکِ عزت کیس میں کامیابی

برطانوی کنزرویٹو رہنما کا دفاعی اخراجات بڑھانے کے لیے فلاحی بجٹ میں کمی کا مطالبہ

گورنر راج اور ایمرجنسی کے خلاف درخواستوں پر پشاور ہائی کورٹ کے وفاقی حکومت کو نوٹس

برطانیہ میں ہیتھرو ایئرپورٹ کے تیسرے رن وے کی تعمیر کی حمایت

اسحاق ڈار کی وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات، ترقیاتی امور پر تبادلۂ خیال

Advertisement