میرپور (پی آئی ڈی)22مئی 2026
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ چوہدری ساجد حسین نے موسم گرما کی حالیہ شدید لہر اوربجلی کے استعمال میں خاطر خواہ اضافہ کے باعث گرڈ اسٹیشن پر اوور لوڈنگ پڑنے اور بار بار ٹرپ ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع میرپور میں موجود الیکٹرانکس شاپس مالکان اور عوام الناس کوپابند کیا ہے کہ وہ بجلی پر چلنے والے چولہے /ہیٹر وغیرہ نہ فروخت کریں گے نہ خرید یں گے چونکہ گزشتہ روز وزیر ہاؤسنگ و فیزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان کی زیر صدارت منعقدہ ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ بجلی پر چلنے والے چولہوں / ہیٹر وغیرہ کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی جائے تاکہ بجلی کے استعمال کو ضروری آلات تک محدود کیا جاسکے۔ دوکانداروں کی جانب سے بجلی سے چلنے ولے چولہے/ ہیٹر وغیرہ کی فروخت سے بجلی کے نظام پر اوور لوڈنگ کی وجہ سے امن عامہ کی صورت حال بگڑنے کا اندیشہ موجود ہے بدیں وجہ پابندی لگائی جانی ضروری ہے۔اس پابندی کی رو سے اگر کوئی الیکٹرانکس شاپ مالک گھریلو صارف خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف زیر دفعہ 188-APC کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔